Education
الخدمت اکیڈمک ا سکالرشپ سکیم کے تحت تقریب،70مزیدہونہارطلباء کو اسکالرشپ کی فراہمی

سکیم کے تحت 5,269 مستحق طلباء کو اعلی تعلیم کی فراہمی پر437 ملین روپے خرچ کرچکے ہیں، سید وقاص جعفری، سیکرٹری جنرل

ذہین اور مالی مشکلات کے شکار طلبہ و طالبات کا میرٹ پر انتخاب کیا جاتا ہے،محمدعبدالشکور،جبران بلوچ ودیگرذمہ داران کاخطاب

لاہور (               )الخدمت اکیڈمک سکالرشپ کے زیراہتمام تقریب میں 70مزیدہونہار،مستحق طلباء کو سکالرشپ دی گئی ۔ جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان  کے سیکرٹری جنرل وچیئرمین الخدمت اکیڈمک سکالرشپ سید وقاص جعفری، مرکزی نائب صدرمحمد عبدالشکور ،ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جبران بلوچ،  اکناکینیڈ کے صدرمحمداعجازطاہر،ریجنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر مہر سعید اختر، سابق ڈائریکٹر فنانشل ایڈ یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر ثاقب انوار، ڈاکٹر وجیہہ اسحاق پروفیسر ڈیپارٹمنٹ آف سوشل ورک لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ودیگرمہمانان گرامی تقریب میں شر یک ہوئے اور اظہارخیال کیا۔

سیدوقاص جعفری نے کہا کہ الخدمت اکیڈمک سکالرشپ 5,269 مستحق طلباء کے اعلی تعلیم کے خواب کو تعبیردینے پر437ملین روپے خرچ کرچکی ہے۔ تعلیم کا حصول ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ بد قسمتی سے پاکستان میں دو کروڑ 30 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔ خاص طور پر ہائر ایجوکیشن میں طلباء کو وسائل نہ ہونے کے باعث تعلیم ادھوری چھوڑ نا پڑتی ہے۔ایسے میں الخدمت اکیڈمک اسکالرشپ جیسے پروگرام ہونہار طلبہ و طالبات کے لئے امید کی ایک کرن ہے۔ محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت اکیڈمک سکالرشپ کے تحت گزشتہ 26 سال سے مالی دشواریوں کا شکار ہزاروں ذہین طلبہ وطالبات کو حصول تعلیم میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ذہین اور مالی مشکلات کے شکار طلبہ و طالبات کا میرٹ پر انتخاب کیا جاتا ہے اور پھر انہیں ہائر ایجوکیشن کے لئے وظائف فراہم کئے جاتے ہیں۔

اس وقت الخدمت اکیڈمک اسکالرشپ  کے تحت وطن عزیز کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہونہار اور مستحق طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے بلاتفریق رنگ و نسل، مذہب و ذات اور سیاسی وابستگی تعلیمی وظائف کی فراہم کیے جارہے ہیں۔ڈاکٹر جبران بلوچ نے کہا کہ کنونشن کا مقصدجہاں ایک طرف ان طلبہ کو حوصلہ دینااور ان کو نئی منزلوں کے خواب دکھانا ہوتاہے وہیں مخیر حضرات کو پاکستان کے ہونہار مگر مالی مشکلات سے دوچار طلبا و طالبات کو سپانسر کرنے کے لئے توجہ دلانا بھی مقصود ہوتا ہے۔

By Alkhidmat Foundation Pakistan

Bio. Press Release

show more