Press Conference
پریس کانفرنس ترکیہ اور شام

الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کی ترکیہ اور شام میں زلزلے سے پیدا ہونے والی صورتحال اور  الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے پریس کانفرنس
لاہور ( 13 فروری 2023ء )ترکیہ اور شام میں  زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے لاہور پریس کلب میں  پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔  جس میں الخدمت فاونڈیشن کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری اور الخدمت گلوبل  کے مینجنگ ڈائریکٹر شاہد اقبال نے شرکت کی۔ سید وقاص جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ الخدمت نے  امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کےلیے ’’قرض بھی۔۔۔ فرض بھی‘‘ مہم کا آغاز کر دیا گیاہے۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین  اورمصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کےلیے 50کروڑ روپے سے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ جس میں 6200خیمے، 25000کمبل، 10000 ٹرپولین شیٹس اور 300 ٹن کھانے پینے کا سامان ترکیہ اور شام روانہ کیا جا رہا ہے۔الخدمت  زلزلے کے فورا بعد سے ترکیہ اور شام  میں پارٹنر تنظیموں کی مدد سے پکے پکائے کھانے، فوڈ پیکج ،گرم کپڑوں، خیموں، بستروں اور کمبلوں کی فراہمی جاری ہے ۔سید وقاص جعفری نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبد الشکورامدادی سرگرمیوں کی نگرانی  کے لیے ترکی اور شام کے دورے پر ہیں۔  ترکیہ اور شام ہمارے برادر اسلامی  ممالک اور دونوں ممالک سے ہمراے دیرینہ تعلقات ہیں۔
 الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان  کےایک وفد نے جمہوریہ ترکیہ کے قونصل جنرل امیر اوزبے سے لاہور میں ملاقات کی اور  اور اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے لیے مدد پہنچانے کے ساتھ ساتھ اہل پاکستان کے جذبات بھی پہنچائے۔ پاکستان میں جب کبھی ضرورت محسوس ہوئی تو ترکیہ کے بہن بھائیوں نے دل کھول کر مدد کی اب ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں انکا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہ کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میں ترک سفارت خانے، ترک رفاعی اداروں سے رابطے میں ہےاور ترکیہ اور شام کےزلزلہ متاثرین کی ہر ممکن امداد جاری رکھے ہوئے ہے۔
الخدمت گلوبل کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہد اقبال نے کہا کہ  الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد  عبدالشکور زلزلہ متاثرین کی دادرسی اور امداد کے لیے اپنی ٹیم کے ہمراہ 8 فروری کو ترکیہ پہنچے ہیں  اور  ترکیہ کے پارلیمانی رکن علی شاہین سے ، حیرات اور آئی ایچ ایچ کے عہدیداروں اور ترکیہ میں پاکستانی نوجوانوں سے ملاقات کی جس میں زلزلے کی تباہ کاریوں ، نقصانات اور مشترکہ امدادی کوششوں کے حوالے سے حکمت عملی پر بات چیت کی ہے۔ انہوں نے زلزلہ متاثرہ علاقے غازی انطیب  اور شام کابھی دورہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن  کی 47 رکنی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ترکیہ میں جاری ریلیف آپریشن میں حصہ لینے کے لیے 10فروری کو ترکیہ پہنچی ہے جسے اے ایف اے ڈی نے  پاک 10 کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ٹیم ملبے میں انسانوں کی تلاش کے جدید آلات سے لیس ہے۔  الخدمت فاؤنڈیشن کا یہ مشن وزارت داخلہ ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ (اے ایف اے ڈی) کی کمان میں کام کررہا ہے ۔ یہ اقدام اسلام آباد میں جمہوریہ ترکی کے سفارت خانے اور ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی ( ٹیکا)  پاکستان کے مشورے اور تعاون سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ترکیہ اور ترکش ائرلائن نے ہمیں پاکستان سے امدادی سامان بلا معاوضہ ترکیہ پہنچانے کی آفر کی ہے۔الخدمت کی 47 رکنی رضاکاروں کی ٹیم ترکیہ کے شہر آدیامان میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ بلند و بالا عمارتیں زمیں بوس ہو چکی ہیں لیکن اپنے پیاروں کی زندگی کی امید   میں الخدمت فاونڈیشن کی ریسکیو ٹیم موسم کی مشکلات کو پسِ پشت ڈال کے اپنی تمام تر خدمات کے ساتھ برادرانِ ترک کو بحفاظت اس ملبے سے نکالنے کے لیے کوشاں ہے۔ جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہے۔ الخدمت رضاکاروں کی 3 ٹیمیں فیلڈ میں موجود 2 شفٹوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان آلات میں آڈیو سرچ کیمرہ، ہائیڈرالک کمبل ٹول ، چینسا ڈی کٹ ، چیپنگ ہامر، اینگل گرینڈر، گیس ڈیٹیکٹر، سپائن بورڈ، چیسٹ ایکسٹریکشن ڈیوائس اور فولڈنگ سٹریچر آرمی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسی طرح پرسنل ریسکیو ایمرجینسی ٹول کٹ میں ریسکیو بیگ، وارم کوٹ، جرابیں ، دستانے، اونی ٹوپیاں ، تھرمل ویسٹ ، ہینڈ ہیلڈ ٹارچ، میگا فونز اور بیٹریز ، بولٹ کٹرز، لائف لائن روپ اور ڈیڈ باڈی بیگس جیسا دیگر سامان شامل ہے۔پاکستان سے  الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ پاک آرمی اور ریسکیو 1122 کے جوان بھی سرچ اینڈ ریسکیو  مشن میں حصہ لینے ترکی میں موجود ہیں ۔
سینئر منیجر میڈیا ریلشنز  شعیب ہاشمی  نے کہا کہ خوراک  اور شیلٹر کے ساتھ اِس وقت زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر میڈیکل ریلیف آپریشن کی ضرورت ہے۔ الخدمت نے ابتدائی طور پر ترک نژاد پاکستانی ڈاکٹرز کی مدد سے ترکیہ اور شام میں میڈیکل کیمپس کیے ہیں جبکہ مزید سات رکنی میڈیکل ٹیم بھی ترکیہ روانہ کی جا رہی ہے جس میں آرتھو پیڈک سرجن، جنرل سرجن، انیتھیزیا اسپیشلسٹ اور دیگر عملہ شامل ہیں۔میڈیکل ٹیم اپنے ساتھ ضروری سامان اور ادویات بھی لے کر جا رہی ہے جو  ضرورت کے مطابق زلزلے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل آپریشن جاری رکھے گی۔

By الخدمت فاؤنڈیشن

Bio. One of the first things we should do, when disaster hits someone around us, is to educate ourselves. Make an effort to understand the intricacies of what has happened.

show more