Community Services
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان: روشنی کا مینارہ، زندگی کی امید

ایک پختہ ارادہ، ایک کھری ہمدردی ، ایک گہری محبت، ایک نیک خیال ، انسانیت کا درد اور ایک خالص نیت جو قیام پاکستان سے ہی ہم وطنوں کے دکھوں کا مداوا کررہی تھی نوے کی دہائی میں باقاعدہ طور پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نام سے رجسٹرڈ ہوئی۔ آج الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے پلیٹ فارم سے سرسٹھ ہزار سے زائد بے لوث رضاکار نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا پھر میں انسانی ہمدردی کی بنا پر مختلف پراجیکٹس میں اپنی خدمات پیش کررہے ہیں ۔الخدمت فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد انسانی جانوں کا تحفظ اور انکی محرومیاں کم کرنا ہے ، اس سلسلے میں الخدمت قدرتی آفات میں مدد اور انکے بعد بحالی، گھروں کی تعمیر ، خوراک کی دستیابی اور صاف پانی کی فراہمی سے لیکر تعلیم و صحت کی مفت سہولیات، ایمبولینس سروس، قرض حسنہ کی فراہمی، آنلائن روزگار کیلئے مفت تعلیم و تربیت تک شامل ہیں۔اسی طرح آغوش ہومز، الخدمت سکولز اور الفلاح سکالرشپ پروگرام بھی قابل ذکر ہیں ۔

اس سال غزہ میں مختلف مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر الخدمت نے دیگر کاوشوں کے علاوہ خوراک کی فراہمی میں جو کردار ادا کیا ہے پورے پاکستان کیلئے قابل فخر ہے۔

ان سب کے ساتھ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کچھ پراجیکٹ سالانہ کرتی ہے جس میں سر فہرست گی سبیل للہ قربانی ہے ۔ گزشتہ کئی برسوں سے ہر عید الاضحی فی سبیل اللہ قربانی کا اہتمام کرتی ہے، جسکے تحت ڈونرز کی طرف سے قربانی کیلئے عطیہ کی گئی رقم سے صحت مند اور توانا جانور خریدے جاتے ہیں۔

قربانی تک ان جانوروں کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق اچھی خوراک اور ماحول مہیا کیا جاتا ہے، پھر جدید آلات سے مزین قربان گاہوں (سلاٹر ہاؤسز) میں شرعی طریقے اور پیشہ وارانہ مہارت سے ان جانوروں کو ذبح کیا جاتا ہے۔

الخدمت کے رضا کار صرف یہ گوشت نہیں بلکہ ساتھ عید کی خوشیاں بھی جہاں تک ممکن ہو پہنچاتے ہیں، اس میں بلوچستان کے غریب صحرائی علاقوں سے لے کر پختونخوا کے خانہ بدوش، اندرون سندھ کے مزارعوں سے لیکر پنجاب کے سفید پوش اور کچی بستیوں تک کے لوگ شامل ہیں۔

گزشتہ سال الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے تقریباً پانچ ہزار گائے اور اور تین ہزار بکرے ذبح کیے جن کے گوشت سے تین لاکھ کے قریب لوگ عید کی خوشی میں شامل ہوئے اور ان میں زیادہ تر ایسے ضرورت مند اور مستحق تھے کہ شاید وہ پورے سال میں ایک بار ہی گوشت سے لطف اندوز ہوئے ہونگے۔

اسکے ساتھ ساتھ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے روہنگیا، شام اور عراق کے مستحق مسلمان بھائیوں کیلئے بھی قربانی کا اہتمام کرتی آرہی ہے۔

اس سال فلسطین کے بے گھر اور مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کو اس قربانی میں خاص طور یاد رکھا جائے گا۔ اور ان تک قربانی کا گوشت پہنچانے کا انتظام کیا جائے گا۔

اس عید بگڑتی معیشت اور ملکی حالات کے سبب پچانوے ملین پاکستانی مستحقین اور حاجت مندوں کی فہرستوں میں ہیں، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سب سے پہلے اپنے ان ہم وطنوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا چاہتی ہے اس سال گزشتہ تمام سالوں سے زیادہ جانور فی سبیل اللہ ذبح کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

مختصر یہ کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان دکھی انسانیت کیلئے روشنی کا مینارہ ہے، زندگی کی امید ہے اور مسکراہٹوں کا سامان ہے۔ ہمیں نہ صرف انکی کوششوں کو سراہنا چاپیے بلکہ آگے بڑھ کراس مشن کا حصہ بننا چاہیے

By Nadia Tahir