Education
الخدمت اکیڈمک سکالرشپ کے تحت ساڑھے پانچ ہزارطلبہ وطالبات کو54کروڑروپے کی سکالرشپ فراہم کرچکے، سید وقاص جعفری

  الخدمت فاؤنڈیشن ماہ ربیع الاول کوتعلیم کی آگاہی کے طورپرمنارہی ہے، سید وقاص جعفری 

اہل خیر پاکستانی، تعلیم کے فروغ میں الخدمت کے دست وبازو بنیں،تاکہ معلم ِانسانیت ﷺکی اتباع کرکے ہر سو علم کی روشنی پھیلائی جاسکی-

لاہور (           )سیکرٹری جنرل وچیئرمین اکیڈمک سکالرشپ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سیدوقاص جعفری نے کہاکہ محمدعربی ﷺ کو معلم کائنات بناکردنیا میں بھیجا گیاالخدمت سال بھرتعلیم سمیت دیگرشعبہ جات میں مستحقین اورمتاثرین کی خدمت کاسلسلہ جاری رکھتی ہے،نبی مہربان ﷺ کی دنیا میں آمد کے ماہ مبارک ربیع الاول کو خصوصی طورپرتعلیم کی آگاہی کے طورپرمنایاجاتاہے،ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں کوئی بچہ اور نوجوان تعلیم سے محروم نہ رہے اس خواہش کی تکمیل کیلئے اہل خیرتعاون کرتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں سالانہ ہزاروں طلبہ کو اعلی تعلیم کیلئے الخدمت اکیڈمک سکالرشپ کی فراہم کی جاتی ہے۔ 

  الخدمت اب تک 5ہزار 411بچوں کو 53کروڑ 61لاکھ روپے کی سکالرشپ فراہم کرچکی ہے۔ رواں سیشن میں 1174طلبہ وطالبات کو 9کروڑ 92لاکھ روپے کی اسکالرشپ فراہم کی گئی۔ اسکالرشپ کا میرٹ مستحق مگرذہین طلبہ وطالبا ت ہیں لیکن اس میں مذہب،مسلک،علاقے کی کوئی قیدنہیں پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت آزادکشمیر اورگلگت بلتستان کے طلباء کوبھی سکالرشپ دی جاتی ہے۔ 

سید وقاص جعفری نے کہاکہ ا لخدمت اکیڈمک سکالرشپ فراہمی کاتمام عمل شفاف پراسس کے تحت مکمل کیا جاتاہے اور طلباء کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے اسکالر شپ فراہمی کے بعد پورا سال طالب علم کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیاجاتاہے۔ 

سید وقاص جعفری نے اہل خیرخواتین وحضرات سے اپیل کی کہ ماہ ربیع الاول میں اپنے حصے کی شمع روشن کرتے ہوئے مستحق طلباء کی معاونت کا ذریعہ بنیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ معلم ِانسانیت ﷺکی سیرت پر عمل کرکے وطن عزیز میں علم کے دئیے جلاکرہر سو علم کی روشنی پھیلائی جاسکی۔

By Alkhidmat Foundation Pakistan

Bio. Press Release

show more